Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

کماد میں زنک کب اور کتنا ڈالیں؟ ـ سونا زنک 27٪ کا میرا تجربہ

 السلام علیکم کسان بھائیو! میں پچھلے 10 سال سے تقریباً 10 ایکڑ پر کماد کاشت کر رہا ہوں۔ DAP، یوریا اور بوران کے ساتھ میں زنک بھی استعمال کرتا ہوں اور اس سے شگوفہ سازی (ٹلرنگ) میں مجھے فرق نظر آیا ہے۔ اس مضمون میں بتاؤں گا کہ میں کون سا زنک ڈالتا ہوں، کتنا ڈالتا ہوں، کیسے ڈالتا ہوں، اور کن غلطیوں سے بچنا چاہیے۔

سرسبز اور صحت مند کماد کی فصل
میرے کھیت میں کماد کی فصل

کماد کو زنک کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟

زنک ایک خرد غذائی عنصر ہے۔ جو فصل کو بہت تھوڑی مقدار میں چاہیے، لیکن زنک کی کمی ہو تو پودے کی بڑھوتری اور پھوٹ متاثر ہوتی ہے۔

نوٹ:  زنک کھادوں کا متبادل نہیں۔ بہت سے کسان زنک ڈال کر DAP، یوریا یا بوران کم کر دیتے ہیں۔ یہ بڑی غلطی ہے۔ فصل کی پیداوار باقی خوراک پر بھی منحصر ہے۔ زنک ایک اچھا اضافہ ہے، لہکن پوری خوراک نہیں ہے۔

میں کون سا زنک استعمال کرتا ہوں؟

میں فوجی فرٹیلائزر کا سونا زنک 27٪ استعمال کرتا ہوں۔ یہ دانے دار زنک ہے جس میں 27٪ زنک ہوتا ہے اور میرے تجربے میں اس کے نتائج اچھے رہے ہیں۔ یہ 3 کلو کی پیکنگ میں آتا ہے۔

فوجی فرٹیلائزر کے سونا زنک 27٪ کی 3 کلو کی تھیلی
سونا زنک 27٪، 3 کلو کی پیکنگ، جو میں کماد میں استعمال کرتا ہوں

فی ایکڑ مقدار

کماد میں فی ایکڑ مقدار 6 کلو ہے، یعنی 3 کلو کی دو تھیلیاں فی ایکڑ۔


سونا زنک 27٪ کا میرا طریقہ
سوال میرا طریقہ
مقدار 6 کلو (3 کلو کی 2 تھیلیاں) فی ایکڑ
کب ڈالتا ہوں کاشت کے وقت، یا پہلی/دوسری آبپاشی کے ساتھ
کیسے یوریا میں ملا کر چھٹہ، یا ڈرم میں گھول کر پانی کے ساتھ

استعمال کے دو طریقے

1. یوریا کے ساتھ ملا کر چھٹہ

سونا زنک کو یوریا کھاد میں اچھی طرح ملائیں اور کھیت میں یکساں چھٹہ کریں۔ یہ کاشت کے وقت بھی ہو سکتا ہے اور پہلی یا دوسری آبپاشی سے پہلے بھی۔ میرے خیال میں آبپاشی کے ساتھ دینا بہتر رہتا ہے۔ کاشت کے وقت ڈی اے اپنی دی جاتی اس لیے کاشت کے وقت دینا مناسب نہیں ہے۔

2. پانی میں گھول کر (فلڈ)

  • تقریباً 100 لیٹر پانی کا ایک ڈرم لیں (یہ مقدار فی ایکڑ کے لیے ہے)۔
  • اس میں سونا زنک ڈال کر اچھی طرح گھول لیں۔
  • جب مکمل گھل جائے تو اسے کھیت کے پانی کے ساتھ لگا

ایک ضروری احتیاط ـ DAP کے ساتھ نہ ملائیں

میرا تجربہ یہ ہے کہ سونا زنک کو DAP یا کسی بھی فاسفورس والی کھاد کے ساتھ نہ ملائیں اور نہ ہی ساتھ ڈالیں۔ آپ زنک کو اس وقت ڈالیں جب کماد کی فصل 1 ماہ سے 2 ماہ کی ہو جائے۔

DAP کی مقدار 
اور طریقے کی تفصیل میں نے الگ مضمون میں لکھی ہے۔ کماد میں ڈی اے /فاسفورس کی اہمیت ضرور پڑھیں۔

کن زمینوں میں زنک زیادہ فائدہ دیتا ہے؟

میرے تجربے میں تین قسم کی زمینوں میں اس کا نتیجہ اچھا رہا:
  1. زیادہ pH والی زمین: جہاں pH 7.5 یا اس سے اوپر ہو۔
  2. کلراٹھی زمین: یہاں ٹلرنگ بہتر ہوئی۔
  3. ریتلی زمین: یہاں بھی زنک نے اچھی کارکردگی دکھائی۔

زنک ڈالنے کے بعد مجھے کیا فرق نظر آیا؟

  • شگوفہ سازی (پھوٹ) بہتر ہوئی
  • فصل کی رنگت گہری ہوئی
  • پودے صحت مند اور توانا نظر آئے
  • زنک کی کمی کی علامات ختم ہوئیں

زنک کی کمی کی عام علامات

  • پودوں میں نئے پتے چھوٹے رہ جانا
  • پتوں کے درمیان زردی دکھائی دینا
  • بڑھوتری سست ہونا 
  • پھوٹ / شگوفہ سازی کا کم نکلنا
یہ علامات دوسری وجوہات سے بھی ہو سکتی ہیں، اس لیے صرف پتے دیکھ کر فیصلہ نہ کریں۔

زنک اور میرا DAP کا تجربہ

میں نے چند سال پہلے DAP 1 بوری سے بڑھا کر 2 بوری فی ایکڑ کی تھی۔ زیادہ فاسفورس والی کھاد کے ساتھ زنک کی کمی کا امکان بڑھ سکتا ہے۔ اس لیے جو کسان DAP زیادہ ڈالتے ہیں وہ زنک کا بھی خاص خیال رکھیں۔

تین عام غلطیاں

  • زنک ڈال کر DAP، یوریا یا بوران کم کر دینا
  • زنک کو DAP یا فاسفورس والی کھاد کے ساتھ ملا دینا
  • ہر کھیت میں بغیر ضرورت ڈال دینا
اصلی مصنوعات کے لیے کمپنی کے مجاز ڈیلر سے ہی خریدیں اور رسید لیں۔ (یہ پوسٹ کسی کمپنی کی طرف سے سپانسرڈ نہیں، صرف میرا ذاتی تجربہ ہے۔)

نتیجہ

میرے 10 سال کے تجربے میں سونا زنک 27٪، 6 کلو فی ایکڑ، یوریا کے ساتھ چھٹہ یا پانی میں گھول کر دینے سے ٹلرنگ اور فصل کی رنگت بہتر ہوئی، خاص طور پر زیادہ pH، کلراٹھی اور ریتلی زمین میں۔ لیکن اسے کبھی DAP کے ساتھ نہ ملائیں اور باقی کھادیں ہرگز کم نہ کریں۔

متعلقہ تحریریں
 کماد میں DAP | کماد میں پوٹاش | کماد میں بوران 

اکثر پوچھے گئے سوالات

کماد میں زنک فی ایکڑ کتنا؟

میں سونا زنک 27٪ کا 6 کلو (3 کلو کی 2 تھیلیاں) فی ایکڑ ڈالتا ہوں۔

زنک کب ڈالیں؟

کاشت کے وقت یوریا کے ساتھ ملا کر، یا پہلی دوسری آبپاشی کے ساتھ۔

کیا زنک DAP کے ساتھ ڈال سکتے ہیں؟

میرے تجربے میں فاسفورس کھاد کے ساتھ نہ ملائیں۔

زنک پانی میں کیسے گھولیں؟

100 لیٹر کے ڈرم میں فی ایکڑ کی مقدار گھول کر پانی کے ساتھ لگائیں۔

کیا زنک ڈال کر باقی کھادیں کم کر دیں؟

نہیں، زنک کھادوں کا متبادل نہیں ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں for "کماد میں زنک کب اور کتنا ڈالیں؟ ـ سونا زنک 27٪ کا میرا تجربہ"